ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گجرات میں شراب بندی پوری طرح ناکام، نوجوانوں کا مستقبل تباہ: کانگرس

گجرات میں شراب بندی پوری طرح ناکام، نوجوانوں کا مستقبل تباہ: کانگرس

Sun, 01 Dec 2019 12:39:12    S.O. News Service

احمد آباد،یکم دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی)  راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے ہفتہ کے روز کہا کہ گجرات میں انکے ہم منصب وجے روپانی کو، جنہوں نے ریاست میں شراب بندی سے متعلق ان کے سابقہ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا، یہ حقیقت قبول کرنی چاہئے کہ ان کی ریاست میں شراب بندی مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے جس سے نوجوانوں کا مستقبل برباد ہو رہا ہے۔ دریں اثنا، گجرات میں واقع مہاتما گاندھی کے اسکول سے شراب برآمد ہوئی، اس پر بھی کانگریس نے گجرات حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس کے ’جن ویدنا پروگرام‘ کے سلسلہ میں احمد آباد پہنچے اشوک گہلوت نے یہاں ہوائی اڈہ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ وجے روپانی کو یہ قبول کرنا چاہئے کہ ریاست میں شراب بندی مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انہوں نے گجرات کی بے عزتی کرنے والا کوئی بیان نہیں دیا۔ وزیراعلی روپانی کو راجستھان ہریانہ وغیرہ ریاستوں سے شراب کی مبینہ طورپر اسمگلنگ سے متعلق با ت کرنی چاہئے نہ کہ ان بیان کو توڑ مروڑ پیش کرنا چاہئے۔ خیال رہے کہ کانگریس کے انچارج رہ چکے اشوک گہلوت نے کچھ وقت پہلے پوری ریاست میں گھر گھر میں شراب پیئے جانے سے متعلق مبینہ بیان دیا تھا۔ اس بات پر گجرات کی روپانی حکومت اور حکمراں بی جے پی نے ہنگامہ کیا تھا۔

گاندھی جی کے اسکول کے احاطے سے شراب کی برآمدگی!

ادھر، کانگریس نے گجرات کے شہر راجکوٹ میں مہاتما گاندھی کے ذریعہ قائم تاریخی اسکول راشٹریہ شالا کے احاطے سے شراب برآمدگی کو ریاست میں شراب بندي کی بڑی ناکامی قرار دیا ہے۔ ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی کے ریاستی صدر امت چاوڑا نے صحافیوں سے کہا کہ گاندھی جی کی جانب سے راجکوٹ میں 1921 میں ہندوستانی تعلیمی نظام کو فروغ دینے کے لئے شروع کئے گئے اسکول کے احاطے سے پانچ لاکھ سے زیادہ قیمت کی شراب کا پکڑا جانا انتہائی افسوس اور بدقسمتی کی بات ہے۔ اس سےریاست میں شراب بندی کی مکمل ناکامی کا پتہ چلتاہے۔ واضح رہے کہ راجکوٹ کے جانگنك روڈ علاقے میں واقع راشٹریہ شالا اسکول کے احاطے سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے کل شراب کی 700 سے زائد بوتلیں برآمد کی تھیں۔


Share: